
گلبرگہ : 13/مئی : (راست)
ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد کی اطلاع کے بہ موجب کرناٹک اردو اکادمی بنگلور کی جانب سے اعزازات و انعامات سے نوازے گئے گلبرگہ کے اصحابِ قلم کی خدمت میں مبارک باد پیش کرنے کے لیے محبانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام تہنیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے ڈاکٹر اکرم نقاش کو مجموعی اردو خدمات کے لیے، جناب نورالدین نور غوری اور ڈاکٹر محمد عبدالحمید اکبر کو اردو خدمات کے لیے خصوصی اعزاز سے سرفراز کیا تھا۔جبکہ ڈاکٹر خالدہ بیگم، ڈاکٹر وحید انجم، جناب واجد اختر صدیقی اور ڈاکٹر سید علیم اللہ حسینی کی تصانیف کرناٹک اردو اکادمی کے انعام کی مستحق قرار پائی تھیں۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین صدر محبانِ اردو کی صدارت میں منعقدہ اس تہنیتی اجلاس میں ان اعزاز و انعام یافتگان کی شال پوشی و گل پوشی کی گئی اور ایک یادگاری تحفہ پیش کیا گیا۔
انجنیئر عارف مرزا شریک معتمد کی قرآت کلام پاک سے اجلاس کی کاروائی کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں محبانِ اردو کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکائے اجلاس کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین، جناب خواجہ پاشاہ انعام دار ،انجنیئر عارف مرزا نے گل پوشی کی اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ ڈاکٹر اکرم نقاش، ڈاکٹر نور الدین نور غوری، پروفیسر محمد عبدالحمید اکبر اور جناب واجد اختر صدیقی نے آپ اظہارِ خیال میں اس تہنیتی اجلاس کے انعقاد پر محبانِ اردو کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں اعزاز یافتگان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ اعزازات اہل گلبرگہ کے لیے افتخار کا باعث ہیں۔ ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر نے نظامت کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دیے۔ انجنیئر عارف مرزا کے اظہارِ تشکر پر یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔